بھارت کے مشہور منرل واٹر میں مضرِ صحت کیمیکلز کا انکشاف

بھارت کے مشہور منرل واٹر میں مضرِ صحت کیمیکلز کا انکشاف

Nov 27, 2026|ویب ڈیسک

بھارت میں عوامی صحت کے معیار پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں کیونکہ ملک کے ایک انتہائی معروف منرل واٹر برانڈ کا پانی سرکاری لیبارٹری ٹیسٹ میں غیر معیاری قرار پایا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا اور عالمی جریدے سی این اے کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کمپنی بسلیری کے بوتل بند پانی میں ایسے کیمیکلز کی موجودگی ثابت ہوئی ہے جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ریاست گوا میں واقع کمپنی کے پلانٹ سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں برومیٹ نامی کیمیکل کی مقدار طے شدہ حفاظتی معیار سے زیادہ نکلی۔ لیبارٹری تجزیے کے مطابق پانی میں اس کیمیکل کی سطح 12 مائیکروگرام فی لیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ عالمی اور مقامی اصولوں کے تحت اس کی زیادہ سے زیادہ حد 10 مائیکروگرام فی لیٹر مقرر ہے۔مزید برآں، بھارتی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی کی جانب سے کیے گئے ایک اور جانچ کے عمل میں بھی پانی کے اندر ایک اور نقصان دہ کیمیائی عنصر کی نشاندہی ہوئی ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پانی میں برومیٹ کی زائد مقدار کا مسلسل استعمال طویل مدت میں سنگین بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔سرکاری حفاظتی ٹیسٹ کے ان نتائج سامنے آنے کے بعد بھارت کی تقریباً تین اعشاریہ چھ ارب ڈالر مالیت کی بوتل بند پانی کی صنعت میں صارفین کے درمیان تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اشیائے خوردونوش کے معیار کی نگرانی پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔