پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی تاریخ ساز پرواز، طلبہ میں خوشی کی لہر
پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور طلبہ میں زبردست جوش و خروش اور فخر پایا جا رہا ہے۔ چینی خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے خلا میں جانے کے اس شاندار کارنامے کو نوجوان نسل ملک و قوم کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز قرار دے رہی ہے۔اس تاریخ ساز موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کا کہنا ہے کہ محمد ذیشان علی کا خلائی مشن پر روانہ ہونا پاکستانی نوجوانوں کے لیے اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر عزم پختہ ہو تو کوئی بھی خواب ناممکن نہیں رہتا۔ طلبہ کے مطابق پہلے پاکستانی خلا باز نے اپنی محنت سے اپنا دیرینہ خواب پورا کر کے آنے والی نسلوں کے لیے ترقی اور کامیابی کی ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔نوجوانوں کا مزید کہنا تھا کہ محمد ذیشان علی کی یہ کامیابی ملک کے لاکھوں طلبہ کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے انتھک جدوجہد کرنے کا نیا حوصلہ فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ملک بھر کے طلبہ نے خلائی مشن پر روانہ ہونے والے قومی ہیرو کی کامیابی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔