بہتر انتظامی نظام کے لیے ملک بھر میں نئے صوبوں کا مطالبہ زور پکڑ گیا
ملک بھر میں بہتر گورننس اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ کراچی، بہاولپور اور بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے وقت کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے صوبوں کی تشکیل کو ناگزیر قرار دیا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑے صوبوں کو چھوٹے انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے سے نہ صرف سرکاری امور بہتر انداز میں چلائے جا سکیں گے بلکہ نئی سیاسی قیادت کو بھی ابھرنے کا موقع ملے گا، جس سے ملک میں جمہوری عمل مزید مضبوط ہو گا۔ شہریوں کے مطابق نئے صوبے بننے سے وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو گی اور دور دراز کے پسماندہ علاقوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا سکے گی۔مقامی آبادی کا مزید کہنا ہے کہ بہاولپور اور ملتان سمیت پنجاب کے دیگر بڑے ڈویژنوں کو الگ انتظامی یونٹس کا درجہ دینے سے عام آدمی کی سرکاری اداروں تک رسائی آسان ہو جائے گی۔ ملک بھر کے شہریوں کی بڑی تعداد تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بروقت اور معیاری فراہمی کے لیے نئے صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت کر رہی ہے۔