انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، یورپ اور عالمی اداروں کا طالبان کو ماننے سے انکار

انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، یورپ اور عالمی اداروں کا طالبان کو ماننے سے انکار

Nov 27, 2026|ویب ڈیسک

افغانستان میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور خواتین پر عائد پابندیوں کے باعث طالبان حکومت عالمی سطح پر شدید سفارتی تنہائی کا شکار ہو گئی ہے۔ یورپی ممالک اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے موجودہ افغان انتظامیہ کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے اسے باضابطہ طور پر تسلیم کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا نے افغانستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بنیادی حقوق کی پامالیوں پر افغان حکام کا عالمی سطح پر احتساب کیا جائے۔ تنظیم کی رپورٹ کے مطابق اقتدار سنبھالنے کے پانچ سال گزرنے کے بعد بھی ملک میں شہری آزادیوں کی خلاف ورزیاں، خواتین کے خلاف اقدامات اور جبری گمشدگیوں جیسے واقعات مسلسل جاری ہیں۔دوسری جانب یورپی ممالک نے بھی اس معاملے پر دوٹوک پالیسی اپنا لی ہے۔ برلن فارن پالیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے جرمن وزیرِ خارجہ یوہان ویڈفُل نے واضح کیا کہ جرمنی طالبان کو افغانستان کی جائز حکومت تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی ان سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ افغان انتظامیہ سے رابطے صرف ہمسایہ ممالک کے ذریعے بنیادی قونصلر امور تک محدود ہیں۔اسی طرح فرانسیسی وزیرِ خارجہ ژاں نوئل بارو نے بھی افغانستان میں خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو کھلا صنفی امتیاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ تکنیکی نوعیت کے محدود رابطوں کو حکومت تسلیم کرنے کے مترادف نہ سمجھا جائے۔ اس سے قبل اسپین کے وزیرِ خارجہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ خواتین کے بنیادی حقوق سلب کرنے والی انتظامیہ کو اسپین کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔