گوادر: شہری کی لاپتہ بہن کی ممکنہ دہشتگرد وابستگی سے لاتعلقی
گوادر کی ٹی ٹی سی کالونی کے رہائشی حنیف ولد چُکّا نے اپنی 6 روز سے لاپتہ بہن ثمینہ کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر وہ کسی دہشت گرد تنظیم میں شامل ہوئی ہے تو خاندان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
حنیف نے میڈیا کو اپنا بیان جاری کرتے ہوئے اپیل کی کہ ان کی لاپتہ بہن کی صورتحال واضح کی جائے اور اس کی تلاش میں مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے جو محنت مزدوری کر کے گزر بسر کرتا ہے اور وہ گزشتہ 6 دنوں سے بہن کی گمشدگی کے باعث شدید کرب میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں اپنے خاندان کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر ثمینہ کسی کالعدم یا دہشت گرد تنظیم کا حصہ بنی ہے تو اس کے اس ذاتی اقدام سے ان کا یا ان کے خاندان کا قطعاً کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ حنیف کا کہنا تھا کہ وہ محبِ وطن پاکستانی ہیں اور ریاست و آئینِ پاکستان پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔