بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری 17 سال کی کم ترین سطح پر
بلوم برگ: عالمی سرمایہ کاروں کا بھارتی مارکیٹ پر اعتماد بری طرح متزلزل
عالمی مالیاتی جریدے بلوم برگ کے مطابق بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی تیزی سے ماند پڑنے لگی ہے، جس کے باعث بیرونی سرمایہ کاری گر کر گزشتہ 17 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے بھارتی مارکیٹ میں اپنے اثاثے فروخت کر کے سرمایہ کاری تقریباً صفر کر دی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں محدود مواقع، سست معاشی نمو اور توقع سے کم منافع کے باعث عالمی فنڈز تیزی سے بھارتی مارکیٹ سے پیسہ نکال رہے ہیں۔
بلوم برگ نے بینک آف امریکہ کے حالیہ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے بھارت اب خطہ ایشیا میں سب سے کم ترجیح والی مارکیٹ بن چکا ہے۔ غیر ملکی سرمائے کے اس بڑے انخلا نے ملکی معیشت کی رفتار اور کاروباری فضا سے متعلق حکومتی دعوؤں پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں