دانہ سر: انسانی اسمگلنگ ناکام، خواتین و بچوں سمیت 103 افغان گرفتار
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دانہ سر بائی پاس کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی اور خواتین و بچوں سمیت 103 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پکڑے جانے والے افغان شہری انسانی اسمگلروں کے ذریعے براستہ پاکستان، ایران اور پھر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ کارروائی کے بعد تمام افراد کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
حکام کا بتانا ہے کہ حالیہ کارروائی کے بعد ایک ہفتے کے دوران حراست میں لیے گئے غیر قانونی افغان باشندوں کی مجموعی تعداد 129 ہو گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی پٹی پر انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کا سلسلہ سختی سے جاری ہے