وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال کپ کا آغاز، فاتح کیلئے بھاری انعامات

وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال کپ کا آغاز، فاتح کیلئے بھاری انعامات

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

صوبہ بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئیں، جہاں ایوب اسپورٹس کمپلیکس کوئٹہ میں چھٹے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا روایتی جوش و خروش کے ساتھ باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

اس قومی سطح کے ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 81 نامور ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کر رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز افتتاحی میچ میں بلوچ کلب نوشکی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغان کلب چمن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے پیش قدمی کی۔

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ماہی گیری حاجی برکت رند تھے۔ تقریب میں سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ، ڈی جی اسپورٹس یاسر بازئی سمیت صوبے کی کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے اور ٹرافی دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم 15 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم 5 لاکھ روپے کے نقد انعام کی حقدار ٹھہرے گی۔