بلوچستان میں نئے صوبوں کے قیام کی آوازیں، کوئٹہ کے شہری حامی
بلوچستان میں نئے انتظامی صوبوں کے قیام کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے، جس کی حمایت میں اب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے شہری بھی کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ شہریوں نے صوبے کے دیرینہ مسائل اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نئے صوبوں کی تشکیل کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ رقبے کے لحاظ سے وسیع صوبے میں انتظامی امور کو بہتر بنانے اور عوامی مشکلات میں کمی لانے کے لیے چھوٹے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ نئے انتظامی یونٹس بننے سے ہر صوبے کا اپنا وزیر اعلیٰ اور آئی جی ہوگا، جس سے انتظامی نگرانی مؤثر بنے گی اور حکومتی رٹ مضبوط ہونے سے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
شہریوں نے مزید کہا کہ ملک کی یکساں ترقی اور خوشحالی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ انتظامی مشینری فعال اور بااختیار ہونے سے عام شہریوں کی حکام تک رسائی آسان ہوگی اور عوامی شکایات کا بروقت اور فوری ازالہ ممکن ہو سکے گا۔