صوبہ بھر میں اجتماعات، اسلحہ کی نمائش اور چہرہ ڈھانپنے پر پابندی
حکومتِ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر فوری طور پر 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق صوبہ بھر میں عوامی مقامات پر ہر قسم کے اسلحے کی نمائش، جلوسوں اور 5 یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ نوٹیفکیشن کے تحت دھرنوں، ریلیوں، مظاہروں اور اسی نوعیت کی تمام سرگرمیوں پر سخت ممانعت ہوگی۔
حکومتی احکامات کے تحت عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، نقاب کرنے یا ایسی کسی بھی شے کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جس سے شہری کی شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔ بابر یوسفزئی نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا مقصد امن و سکون کی فضا کو یقینی بنانا ہے، جبکہ تمام ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی