بلوچستان: آپریشن ردالفتنہ 3، چاغی میں 2 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ’آپریشن ردالفتنہ 3‘ کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے نوکچہ کے مقام پر ایک خالی واٹر باؤزر کو نذرِ آتش کیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دونوں شرپسندوں کو موقع پر ہی نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی اور تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔