بلوچستان میں پہلے تاریخی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو کا اعلان

بلوچستان میں پہلے تاریخی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو کا اعلان

Jul 1, 2026|ویب ڈیسک

وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی کی ہدایت: بی بی او آئی ٹی اور بیوٹمز اگلے ماہ عالمی تجارتی نمائش منعقد کریں گے

کوئٹہ — وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر صوبے کی تاریخ میں پہلی بار "بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو " اگلے ماہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میگا ایونٹ کا انعقاد بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے مشترکہ تعاون سے کیا جا رہا ہے۔


ایکسپو کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے بیوٹمز یونیورسٹی میں ایک اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت بی بی او آئی ٹی کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کی۔ اجلاس میں بی بی او آئی ٹی کے سی ای او قائم لاشاری، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر وائس کاسی، رجسٹرار ڈاکٹر احسن اچکزئی، ایف پی سی سی آئی کے ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین میاں زاہد حسین، اور بینکنگ، بزنس، اور سماجی شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مایوسی کا خاتمہ اور سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ نے سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کو ہرقسم کی سہولیات اور ’ایز آف ڈونگ بزنس‘ فراہم کرنے کے واضح احکامات جاری کیے ہیں۔


"حکومت نوجوانوں کو مینوفیکچرنگ اور انٹرپرینیورشپ کی طرف راغب کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ مایوسی کا خاتمہ کر کے بلوچستان کا مثبت، پرامن اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔"


بیوٹمز کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میر وائس کاسی نے ایکسپو کو ایک منفرد پیش رفت قرار دیتے ہوئے یونیورسٹی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور صوبے میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر بلال کاکڑ کی کوششوں کو سراہا۔


بلوچستان ٹریڈ ایکسپو کے اہم نکات:

نئے اسٹارٹ اپس کے لیے بہترین موقع: بی بی او آئی ٹی کے سی ای او قائم لاشاری نے بتایا کہ یہ نمائش نہ صرف بڑے برانڈز بلکہ نئے کاروباری سورسز اور نوجوانوں کے اسٹارٹ اپس کو مالیاتی اداروں سے جوڑنے کا بڑا ذریعہ بنے گی۔


جامع ایکشن پلان: رجسٹرار بیوٹمز ڈاکٹر احسن اچکزئی نے شرکاء کو نمائش کے بنیادی اہداف، ہالز کے لے آؤٹ اور مج مجوزہ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔


عالمی تشہیر: ایکسپو کے ذریعے بلوچستان کے روایتی شعبوں (مائننگ، لائیوسٹاک اور زراعت) میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے کھولے جائیں گے۔