بلوچ نوجوانوں کو سازش کے تحت لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، سرفراز بگٹی

بلوچ نوجوانوں کو سازش کے تحت لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، سرفراز بگٹی

Oct 10, 2026|ویب ڈیسک



**کوئٹہ:** وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، تاہم حکومت کا عزم ہے کہ وہ نوجوان نسل کو بندوق کے بجائے معاشرے کا فعال اور کارآمد شہری بنائے۔


آل پاکستان سی ایم بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح نوجوانوں کو کھیلوں جیسی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کا یہ بیانیہ کہ ہم عوام میں نہیں جا سکتے، آج تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم اور ہماری موجودگی نے مکمل طور پر غلط ثابت کر دیا ہے۔


نام لیے بغیر خیبرپختونخوا کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ بار بار بلوچستان کی مثالیں دیتے ہیں، حالانکہ ہمارے اور ان کے طرزِ عمل میں واضح فرق ہے۔ ہم نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں متحد کرتے ہیں جبکہ وہ لوگوں کو ایک شہر پر چڑھائی کے لیے اکٹھا کرتے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اپنے لوگوں کو انتشار اور احتجاج کے بجائے کھیلوں اور ثقافتی فیسٹیولز کے لیے جمع کیا جائے۔


وزیراعلیٰ بلوچستان نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت ریاست اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس جنگ میں فتح ریاستِ پاکستان کی ہی ہوگی اور ہم سرخرو ہو کر نکلیں گے۔