: مودی سرکار کے ’وشو گرو‘ دعوؤں کی حقیقت بے نقاب، بھارتی صحافی برہم
معروف بھارتی دفاعی صحافی اجے شکلا نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی، انتظامی نااہلی، دفاعی شعبے میں بے تحاشا کرپشن اور اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ بی جے پی حکومت کے ’وشو گرو‘ اور ’شائننگ انڈیا‘ کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو چکے ہیں۔ برکس اجلاس میں پہلگام کے واقعے پر بات تو ہوئی مگر نئی دہلی حکومت پاکستان کا نام لینے کی ہمت تک نہ کر سکی۔ انہوں نے اجلاس کو محض ایک نمائشی شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے روس اور چین کے دباؤ میں آ کر ایران کو غیر معمولی اہمیت دی۔
اجے شکلا نے ’میک ان انڈیا‘ منصوبے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مینوفیکچرنگ کی کوئی حقیقی صلاحیت موجود نہیں، بلکہ اسلحہ سمیت تمام چیزیں باہر سے منگوا کر ان پر محض مقامی تیاری کا لیبل لگا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مودی دور میں بھارتی فوج اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں تاریخ کی بدترین کرپشن جاری ہے اور لگتا ہے جیسے پورے ملک کو گوتم اڈانی کے مفادات کے لیے گروی رکھ دیا گیا ہے۔
انہوں نے اندرونی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار سیاسی مقاصد کے لیے مساجد مسمار کر رہی ہے اور مسلمانوں کو گھروں میں عبادت کرنے پر بھی پابندِ سلاسل کیا جا رہا ہے۔ اجے شکلا نے خبردار کیا کہ اگر اقلیتوں کے خلاف منافرت سے انتخابی فائدہ نہ ملا تو مودی حکومت پہلگام جیسی کوئی نئی سازش بھی رچا سکتی ہے، جبکہ گودی میڈیا کے ذریعے پاکستان مخالف زہر اگل کر انتخابی فائدہ سمیٹنے کی کوششیں عروج پر ہیں