عالمی ادارۂ صحت کا الرٹ: ڈریپ نے کینسر کی دوا ’درزالیکس‘ کے جعلی بیچز پر پابندی لگا دی
اسلام آباد: عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی جانب سے کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والے اہم انجیکشن ”درزالیکس“ (Darzalex) کے دو بیچز کو جعلی قرار دیے جانے کے بعد، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک بھر میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈریپ نے کارروائی کرتے ہوئے ان دونوں مخصوص بیچز کے استعمال اور فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ شہریوں اور فارمیسی مالکان کی رہنمائی کے لیے جعلی قرار دیے گئے بیچز کے نمبرز ڈریپ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی اور صوبائی حکام کو سپلائی چین کی سخت نگرانی کی ہدایت
ڈریپ کے مطابق، یہ جعلی بیچز تاحال پاکستان کی مارکیٹ میں رجسٹرڈ سپلائی کا حصہ نہیں ہیں، تاہم کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر وفاقی اور صوبائی ڈرگ کنٹرول حکام کو سپلائی چین کی سخت نگرانی کا حکم دیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے عوام کو خاص طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ بیرونِ ملک سے آتے وقت یہ متاثرہ بیچز ہرگز پاکستان نہ لائیں۔
"عوام مطلع رہیں کہ صرف دو مخصوص بیچز کو جعلی قرار دیا گیا ہے، مارکیٹ میں دستیاب درزالیکس انجیکشن کے دیگر تمام مستند بیچز کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں ہے۔"
— ترجمان ڈریپ
اسپتالوں، فارمیسیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کے لیے اہم احکامات
فوری نشاندہی: تمام اسپتال، فارمیسیز اور ہول سیلرز اپنے اسٹاک کی فوری پڑتال کریں اور مشتبہ بیچز کو الگ کریں۔
رپورٹنگ کی اپیل: اگر کہیں بھی ان مشتبہ انجکشنز کی فروخت یا دستیابی کا شبہ ہو، تو اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ ڈرگ انسپکٹر یا ڈریپ حکام کو دی جائے۔
صوبائی حکام کو ٹاسک: صوبائی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور فیلڈ فورس کو مارکیٹ سرپراز وزٹس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے