این 25 پر دہشتگردوں کی ناکہ بندی ناکام، 5 ہلاک، گاڑیاں برآمد
بلوچستان کے علاقے قلات کے قریب سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی اسپانسر شدہ پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ خفیہ ٹھکانے سے 23 مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے چمن تا کراچی قومی شاہراہ (این 25) پر تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی غرض سے ناکہ لگا کر پرامن ٹریفک کی نقل و حرکت روکنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچوں دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کامیاب آپریشن کے دوران مغویوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ 6 ٹرک، 3 بسیں، 2 کاریں اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بچے کھچے دہشت گردوں کے خاتمے، مقامی آبادی اور قومی شاہراہوں کے مکمل تحفظ کے لیے سرچ و سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی، اور سیکیورٹی فورسز بیرونِ ملک سے چلائی جانے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں