جنوبی وزیرستان: عوام کا نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کا اعلان
خیبرپختونخوا کی انتظامی تقسیم وقت کی اہم ضرورت ہے، جنوبی وزیرستان
وانا: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے عوام نے خطے میں پائیدار ترقی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی کھل کر حمایت کر دی ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق نئے انتظامی یونٹس بننے سے دور دراز علاقوں کو مؤثر نمائندگی، بروقت وسائل اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں گے۔
جنوبی وزیرستان کے مقامی عمائدین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ صوبائی سیٹ اپ میں پشاور کا فاصلہ بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید انتظامی مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق وزیراعلیٰ تک براہِ راست رسائی ممکن بنانے اور پیچیدہ مسائل کے فوری ازالے کے لیے خیبر پختونخوا کی نئے صوبوں میں انتظامی تقسیم ناگزیر ہو چکی ہے۔
شہریوں نے واضح کیا کہ گڈ گورننس، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور سرکاری اداروں کے فعال کردار کے لیے الگ صوبہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ صوبائی دارالحکومت سے طویل فاصلے کی رکاوٹ ختم کر کے ہی حکومتی مشینری کو عام آدمی کی دہلیز تک لایا جا سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل عوامی محرومیوں کے ازالے، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور متوازن علاقائی ترقی کی جانب ایک انتہائی اہم سنگِ میل ثابت ہو گی