کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری
کوئٹہ میں چھٹے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، جن میں شائقین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں منعقدہ اس ایونٹ میں ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی نامور ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ میں ملک بھر کے مایہ ناز فٹبالرز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں، جبکہ میچز دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں تماشائی اسٹیڈیم کا رخ کر رہے ہیں۔ ایونٹ میں شریک مہمان ٹیموں کے کھلاڑیوں نے انتظامی امور اور سیکیورٹی پر بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی سطح کا ایک بڑا اور اہم ترین ٹورنامنٹ قرار دیا ہے۔
محکمہ کھیل بلوچستان کے مطابق اس ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد صوبے کے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بڑے مقابلوں سے صوبے میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو رہے ہیں اور مقامی ٹیلنٹ کو قومی سطح پر ابھرنے کا بہترین پلیٹ فارم مل رہا ہے۔