ایس آئی ایف سی کی کاوشیں بارآور، دوہرے ٹیکس کا تنازع حل
کاروباری مسائل کا حل، الائیڈ میٹریلز اور ایف بی آر کا تنازع طے
اسلام آباد: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر رابطہ کاری اور بروقت سہولت کاری کے نتیجے میں معروف تعمیراتی کمپنی الائیڈ میٹریلز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے درمیان دوہرے ٹیکس کا دیرینہ تنازع خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔
الائیڈ میٹریلز پاکستان کے تعمیراتی شعبے کو ریڈی مکس کنکریٹ اور متعلقہ خدمات فراہم کرنے والا ایک اہم ادارہ ہے، جس کا وفاقی و صوبائی ٹیکس اداروں کے ساتھ دوہرے ٹیکس کا یہ معاملہ 2024 میں سندھ ہائی کورٹ تک پہنچ گیا تھا۔ قانونی پیچیدگیوں اور کاروباری رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ایس آئی ایف سی نے فوری اقدام کرتے ہوئے الائیڈ میٹریلز، سندھ ریونیو بورڈ اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کے مابین مشترکہ مذاکراتی اجلاس منعقد کرائے، جن کے نتیجے میں فریقین متفقہ حل پر پہنچ گئے۔
الائیڈ میٹریلز کے ڈائریکٹر سید فیصل علی نے تنازع کے پرامن حل پر ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور سہولت کار کونسل کا تعاون انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایس آئی ایف سی نجی کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کے درمیان حائل رکاوٹیں دور کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے