آواران میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک
آپریشن ردالفتنہ3: آواران میں کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد
کوئٹہ: بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی موثر اور ٹارگٹڈ کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں۔ ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں انٹیلی جنس معلومات پر کیے گئے ایک کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے پر بروقت اور بھرپور کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شرپسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اداروں کے مسلسل کریک ڈاؤن کے باعث فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورک کو شدید اور ناقابلِ تلافی جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ فیصلہ کن کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی