شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک
شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 'عزمِ استحکام ویژن' کے تحت صوبے بھر میں فتنہ الخوارج کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں۔ عیدک میں سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی جنگی مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کا گھیراؤ کیا اور ان کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں، جس سے خطے میں ان کی نقل و حرکت اور گنجائش انتہائی محدود ہو چکی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ فورسز ملک سے دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے اور پائیدار امن و استحکام کے قیام تک اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔