بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن رد الفتنة 3 کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع پنجگور کے علاقے گوارگو میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
دوسری جانب فورسز نے ضلع چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں بھی دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کیے۔ ان دونوں کارروائیوں کے دوران مزید 6 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے، جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بھی بھاری اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا گھیرا تنگ ہے اور ملک سے آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک یہ ٹارگٹڈ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی