سعودی عرب کا 96 واں قومی دن، پاک سعودیہ لازوال تعلقات کی تجدید

سعودی عرب کا 96 واں قومی دن، پاک سعودیہ لازوال تعلقات کی تجدید

Sep 23, 2026|ویب ڈیسک


سعودی عرب کے 96 ویں قومی دن کے موقع پر دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تاریخی تعلقات، گہرے اخوت کے جذبے اور سٹریٹجک شراکت داری کی تجدید کی جا رہی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ روایتی سفارت کاری سے بالاتر، عقیدت، باہمی اعتماد اور غیر متزلزل یکجہتی کے مضبوط ستونوں پر قائم ہے۔


دہائیوں پر محیط یہ برادرانہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ معیشت، تجارت، سلامتی اور دفاع کے اہم شعبوں تک وسیع ہو چکے ہیں۔ اس تناظر میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور باہمی سلامتی کے نظام کو مؤثر بنانے کی جانب ایک کلیدی پیش رفت ثابت ہوا ہے۔


دونوں ریاستوں نے ہر آزمائش اور مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہو کر غیر متزلزل اعتماد کی روشن مثال قائم کی ہے۔ دفاعی اور اسٹریٹجک شعبوں میں دوطرفہ اشتراکِ عمل نہ صرف دونوں اقوام کے تحفظ کا ضامن ہے بلکہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کی علامت بھی بن چکا ہے۔


سعودی عرب کے قومی دن کے اس پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم برادر سعودی عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مسلسل ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے