کوئٹہ میں سماعت سے محروم بچوں کا ریسرچ سینٹر قائم
بلوچستان میں سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے لیے کوئٹہ میں پہلے ’ڈیف چلڈرن ایکسی لینس اینڈ ریسرچ سینٹر‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے باہمی اشتراک سے قائم اس منفرد ادارے کا باضابطہ افتتاح وفاقی وزیر برائے ثقافت اورنگزیب نے کیا۔
اس جدید ادارے میں فی الوقت سماعت کی محرومی کا شکار تقریباً 350 طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ ادارے میں طلبہ کو پرائمری سے لے کر ثانوی سطح تک معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔
خصوصی بچیوں کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے لیے تعلیمی عمل کے ساتھ ساتھ سلائی، کڑھائی اور دیگر دستکاریوں کی عملی تربیت کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بلوچستان میں اس طرز کے پہلے ریسرچ اور ایکسی لینس سینٹر کا قیام صوبے میں خصوصی افراد کی بہبود، خود انحصاری اور ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے