قلات: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

قلات: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

Sep 21, 2026|ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے قریب سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب اور مؤثر آپریشن کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اقدام کے ذریعے قومی شاہراہ پر عوام کی آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق دہشت گرد اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا تھے، جسے فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کے فوری اور مؤثر ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی ادارے مکمل طور پر پرعزم ہیں اور عوام کے جان و مال سمیت قومی شاہراہوں کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا