کرتارپور راہداری پر پاکستانی سکھ زیرو لائن پہنچ گئے، بھارت میں رکاوٹ

کرتارپور راہداری پر پاکستانی سکھ زیرو لائن پہنچ گئے، بھارت میں رکاوٹ

Sep 22, 2026|ویب ڈیسک

کرتارپور راہداری پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران پاکستان میں سکھ سنگت کو زیرو لائن تک رسائی دے دی گئی، جبکہ بھارت میں سیکیورٹی فورسز نے سکھ یاتریوں کو سرحد کی جانب بڑھنے سے روک دیا۔

پاکستان کی حدود میں سکھ سنگت نے با آسانی زیرو لائن تک پہنچ کر خصوصی ارداس، شبد کیرتن اور آرتی میں شرکت کرتے ہوئے اپنی روایتی مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس کے برعکس، بھارت میں اکال تخت کے قائم مقام جتھیدار سردار گیانی کلدیپ سنگھ گرگج کی قیادت میں زیرو لائن کی جانب پیش قدمی کرنے والے سکھ یاتریوں کو بھارتی فورسز نے آگے بڑھنے سے روک دیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ریاست پاکستان نے 2019 میں سکھ قوم کو کرتارپور راہداری کا تاریخی تحفہ دیا، کیونکہ پاکستان ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق اور ان کی آزادی کا علمبردار رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے، اور کرتارپور راہداری مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور سکھ برادری کے ساتھ پاکستان کی گہری وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔

دوسری جانب، قائم مقام جتھیدار اکال تخت صاحب بھارت سردار گیانی کلدیپ سنگھ گرگج کا کہنا تھا کہ سکھ برادری گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کی باقاعدہ زیارت کے لیے راہداری کو مکمل طور پر فعال دیکھنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہداری کے کھلنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مجموعی ماحول میں خوشگوار بہتری آئے گی۔