لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کو خواتین کے دو بین الاقوامی ٹینس ٹورنامنٹس کی میزبانی مل گئی ہے، جس کے تحت ملک میں پہلی بار مسلسل دو ویمنز انٹرنیشنل ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق یہ مقابلے 5 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہوں گے، جس سے پاکستان میں خواتین ٹینس کے فروغ کو نئی راہیں ملنے کی توقع ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے اس پیش رفت کو خواتین ٹینس کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔اسی طرح پاکستان ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن کی صدر اسما خاور نے کہا ہے کہ یہ ٹورنامنٹس عالمی ٹینس میں پاکستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کریں گے اور ملک میں اس کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔