پائیدار پانڈا بانڈ کا اجرا، پاکستان کو عالمی اعزاز مل گیا

پائیدار پانڈا بانڈ کا اجرا، پاکستان کو عالمی اعزاز مل گیا

Sep 17, 2026|ویب ڈیسک

پانڈا بانڈ کی کامیاب پیشرفت پر پاکستان کو باوقار عالمی اعزاز


اسلام آباد: پاکستان کو پائیدار خود مختار پانڈا بانڈ کے تاریخی اور کامیاب اجرا پر ایشیا بحرالکاہل کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز 2026 میں عالمی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ عالمی سطح پر ملنے والی اس پذیرائی کو ملکی معاشی بحالی اور مالیاتی استحکام کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔


مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے مئی 2026 میں 1.75 ارب چینی یوآن مالیت کا اپنا پہلا پائیدار پانڈا بانڈ جاری کیا تھا۔ تین سالہ مدت پر مشتمل یہ بانڈ 2.5 فیصد کوپن ریٹ پر متعارف کرایا گیا تھا، جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی اور طلب جاری کردہ حجم کے مقابلے میں پانچ گنا سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی۔


مشیر خزانہ نے واضح کیا کہ اس بانڈ کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم پانی، متبادل توانائی اور صحت کے شعبوں میں پائیدار اور سماجی فلاح کے جامع منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا پاک چین مالیاتی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ اور خطے میں پائیدار ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے کی مضبوط بنیاد بن چکا ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق سی پیک کے بعد اب کیپٹل مارکیٹ اور نجی شعبے میں بھی دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم ہو رہی ہے