نیویارک: وزیرِ اعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کی ملاقات
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے ملاقات کی، جس میں انسدادِ پولیو، صحت عامہ، زراعت اور ڈیجیٹل شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے رواں ماہ گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کے دورۂ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکوں کے نظام، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت میں فاؤنڈیشن کی معاونت کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مشن کی وہ خود ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے گیٹس فاؤنڈیشن کی دیرینہ مدد پر بل گیٹس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بل گیٹس نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں انسدادِ پولیو کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلوں کو اس معذور کن بیماری سے بچانے کے لیے پولیو کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں ویکسینیشن مہم کے دوران صوبائی حکومتوں کی ذاتی رہنمائی پر وزیرِ اعظم کے کردار کی تعریف کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کو سماجی و معاشی ترقی میں قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے پبلک ہیلتھ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے بل گیٹس کو حکومتی زرعی اصلاحات بالخصوص بائیوٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، تحقیق اور کسانوں کی صلاحیت سازی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے معیاری بیجوں کی تیاری، لائیو اسٹاک جینیٹکس اور جدید زرعی ٹیکنالوجی میں اشتراک کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر پائیدار ترقی، ٹیکنالوجی کے فروغ اور سماجی شعبے کی بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ وزیرِ اعظم نے بل گیٹس کو جلد از جلد دوبارہ دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی