مودی سرکار کا پاکستان مخالف بیانیہ بے نقاب، بھارتی تجزیہ کار برہم
**نئی دہلی:** بھارتی حکومت اور میڈیا کی جانب سے پاکستان مخالف جھوٹے بیانیے اور فالس فلیگ آپریشنز کا ڈرامہ خود بھارت کے اندر ہی بے نقاب ہو گیا ہے، جہاں ملکی تجزیہ کاروں اور صحافیوں نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد کارروائی کے بھارتی دعووں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
سینئر بھارتی صحافی اور 'دی پرنسپل انڈیا' کے ایڈیٹر اجے شکلا نے مودی سرکار کی حکمتِ عملی کا پردہ چاک کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں خفیہ ایجنسیوں، عدلیہ اور فوج جیسے ریاستی اداروں کو خالصتاً سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ، پہلگام اور پٹھان کوٹ جیسے متعدد واقعات کا بے بنیاد الزام پاکستان پر لگا کر سیاسی فائدے حاصل کیے گئے۔
اجے شکلا کے مطابق پہلگام واقعے پر بھی پارلیمنٹ میں بحث کے بجائے فرضی مقابلوں میں ہلاکتوں کے من گھڑت دعوے کیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بار مقبوضہ کشمیر میں سابق پاکستانی ایس ایس جی کمانڈو کی ہلاکت کا ڈرامہ رچایا گیا، جس سے بھارت کو عالمی سطح پر شدید ہزیمت اٹھانا پڑی کیونکہ نئی دہلی کے پاس اپنے دعووں کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں، ورنہ وہ عالمی فورمز پر پیش کیے جاتے۔
بھارتی صحافی نے الزام عائد کیا کہ یہ تمام فالس فلیگ آپریشنز وزیراعظم کے دفتر میں بیٹھے مشیرِ قومی سلامتی اجیت دوول کی نگرانی میں ہو رہے ہیں، جبکہ بھارتی میڈیا انہی کی ایما پر جھوٹ پر مبنی بیانیے پھیلا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی عوام اب مودی سرکار کے سیاسی ہتھکنڈوں اور فوج کے سیاسی استعمال کو مکمل طور پر سمجھ چکے ہیں۔