بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن: 68 مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف غیر متزلزل اور موثر کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے "آپریشن رَدُّ الفتنہ 3" کے تحت ایک بڑی کامیا بی حاصل کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے حساس علاقوں کمبیلہ اور عاصم آباد میں جامع سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن کرتے ہوئے 68 مربع کلومیٹر کے وسیع رقبے کو شرپسند عناصر سے مکمل طور پر پاک کرا لیا ہے۔
فتنہ الہندوستان کو بھاری جانی نقصان: کمانڈر شوکت ماما زخمی
اس کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے "فتنہ الہندوستان" کے دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ آپریشن کے دوران ملنے والی اہم کامیابیوں کی تفصیلا ت درج ذیل ہیں:
دہشت گردوں کا خاتمہ: فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے، جن میں سے 2 کی لاشیں سیکیورٹی فورسز نے برآمد کر لیں۔
سرغنہ سمیت متعدد زخمی: فورسز کی موثر فائرنگ سے کل 4 دہشت گرد شدید زخمی ہوئے، جن میں گروہ کا اہم دہشت گرد سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے۔
مشتبہ افراد کی گرفتاری: سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کے خدشے پر 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پناہ گاہوں کی تباہی: سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی تمام محفوظ پناہ گاہوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا اور علاقے سے فتنہ الہندوستان کے تمام پرچم ہٹا کر قومی پرچم لہرایا۔
دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم
سیکیورٹی فورسز کے حکام نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ "آپریشن رَدُّ الفتنہ 3" بلوچستان کی سرزمین سے تمام تر غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے اور مستقل امن و استحکام کے قیام تک پوری قوت اور تدبیر کے ساتھ جاری رہے گا۔