کرم بارڈر پر دراندازی ناکام، افغان طالبان کی متعدد چوکیاں تباہ
ضلع کرم کے سرحدی سیکٹر میں پاک فوج نے افغان طالبان کی زیرِ نگرانی فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی متعدد سرحدی چوکیاں تباہ کر دیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغانستان کے سرحدی صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں واقع افغان چوکیوں کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے بارڈر پر تعینات سیکیورٹی فورسز نے الرٹ رہ کر بروقت ناکام بنا دیا۔
دراندازی کی کوشش ناکام ہونے کے بعد افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور توپ خانے سے بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی۔
پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے چھوٹے و بڑے ہتھیاروں سمیت آرٹلری سے دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ شدید بمباری کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹیں اور مارٹر پوزیشنز تباہ ہو گئیں جبکہ طالبان جنگجو کئی چوکیاں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی پٹی پر سیکیورٹی فورسز کا مکمل کنٹرول قائم ہے اور صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے، جبکہ دشمن کی کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے فورسز ہائی الرٹ ہیں