ممبئی( شو بز ڈیسک)فلم ’’پیڈی‘‘ کے گرد جاری تنازع کے دوران سینئر بھارتی اداکار جگاپتی بابو نے اپنی ساتھی اداکارہ جھانوی کپور کی حمایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ تنقید فلم یا اس کے مناظر تک محدود رکھی جائے اور فنکاروں کو ذاتی نشانہ نہ بنایا جائے۔فلم میں جھانوی کپور کے کردار کے بعض مناظر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آئے، جس کے بعد ناظرین کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے۔ بعد ازاں فلم کے ہدایتکار نے معذرت کرتے ہوئے متنازع مناظر کو فلم سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جگاپتی بابو نے کہا کہ کسی ایک اداکار یا اداکارہ کو تمام تر تنقید کا ہدف بنانا ناانصافی ہے۔ ان کے مطابق فنکار عموماً ہدایتکار کے تخلیقی تصور اور ہدایات کے مطابق کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تخلیقی فیصلوں کی ذمہ داری صرف اداکار پر ڈالنا درست نہیں، کیونکہ فلم سازی ایک مشترکہ عمل ہے جس میں متعدد افراد شامل ہوتے ہیں۔سینئر اداکار نے مزید کہا کہ اختلافِ رائے اور تنقید ہر ناظر کا حق ہے، تاہم سوشل میڈیا پر ذاتی حملے اور ذہنی دباؤ پیدا کرنے والی مہمات قابلِ قبول نہیں ہونی چاہئیں۔جگاپتی بابو کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر اس بحث نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں بعض صارفین نے ان کی رائے کی حمایت کی جبکہ بعض نے فلم کے مواد پر اپنی تنقید برقرار رکھی ہے۔
جگاپتی بابو کی جھانوی کپور کے حق میں آواز، ذاتی حملوں پر تنقید
واپس خبروں پر
Category:
ثقافت و سیاحت