وا شنگٹن( سپورٹس ڈیسک)عالمی کپ 2026 میں شریک ایرانی فٹبال ٹیم کو امریکا میں محدود مدت کے لیے داخلے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ٹیم کو وہاں قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔اطلاعات کے مطابق ایرانی کھلاڑی میچ کے روز امریکا پہنچیں گے اور مقابلے کے اختتام پر اسی دن واپس روانہ ہو جائیں گے۔ یہ پابندیاں ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی کشیدگی کے پس منظر میں عائد کی گئی ہیں۔میکسیکو میں ایران کے سفیر ابوالفضل پسندیدہ کے مطابق ٹیم کو صرف مقابلے کے لیے امریکا میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی اور انہیں اسی روز واپس جانا پڑے گا۔عالمی کپ کے دوران ایران کے مقابلے نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور مصر کے خلاف امریکی شہروں لاس اینجلس اور سیاٹل میں کھیلے جائیں گے۔ اس دوران ایرانی ٹیم کا تربیتی مرکز میکسیکو میں قائم کیا گیا ہے، جہاں کھلاڑی اپنی تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔یہ غیر معمولی انتظام عالمی مقابلوں میں سیاسی اور سفارتی حالات کے اثرات کی ایک نمایاں مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔