طالبان رجیم میں بنیادی انسانی حقوق سلب، جینوسائیڈ واچ رپورٹ
**کابل (مانیٹرنگ ڈیسک):** افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان رجیم نے سیاسی و شہری حقوق پر مکمل قدغن عائد کرتے ہوئے ریاستی اداروں کو تحلیل اور قوانین کی من مانی تشریح نافذ کر دی ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم 'جینوسائیڈ واچ' نے اپنی تازہ رپورٹ میں افغانستان میں جاری انسانی حقوق کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہوشربا حقائق سے پردہ اٹھایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں صحافیوں، عام شہریوں اور سابق سرکاری ملازمین کو بلاجواز گرفتاریوں اور غیر انسانی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران 449 سے زائد افراد کو سرعام جسمانی سزائیں دی گئیں، جبکہ 777 سے زائد افراد کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے کر قید کیا گیا۔
انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کے جابرانہ اقدامات اور سخت گیر پالیسیوں نے عام شہریوں کی بنیادی آزادی، سماجی حقوق اور معاشی خودمختاری کو بری طرح مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔