جنوبی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، فتنة الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک
Oct 3, 2026|ویب ڈیسک
خیبرپختونخوا میں 'عزمِ استحکام' ویژن کے تحت فتنة الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے جنوبی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر مبنی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنة الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آپریشن کے دوران پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جبکہ ہلاک شرپسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنة الخوارج کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز 'عزمِ استحکام' کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔