بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران پانچ زلزلے، محکمہ موسمیات نے مزید جھٹکوں کا خدشہ ظاہر کر دیا

بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران پانچ زلزلے، محکمہ موسمیات نے مزید جھٹکوں کا خدشہ ظاہر کر دیا

Jun 29, 2026|ویب ڈیسک


کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ درمیانی شدت کے زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ آج بارکھان اور گردونواح میں 5.2 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا، جس کے بعد صوبے میں زلزلوں کی مسلسل سرگرمی پر تشویش بڑھ گئی ہے۔


پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) کے مطابق سبی میں 4.2 شدت جبکہ کوہلو میں 5.0 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سبی میں زلزلے کی گہرائی 42 کلومیٹر اور مرکز شہر سے 57 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا، جبکہ کوہلو میں زلزلے کی گہرائی 18 کلومیٹر اور مرکز شہر سے 65 کلومیٹر شمال مشرق میں ریکارڈ کیا گیا۔


چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے بتایا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ پر واقع ہیں، جس کی وجہ سے یہ علاقے قدرتی طور پر زلزلوں کے لیے حساس ہیں۔


انہوں نے کہا کہ حالیہ زلزلے ٹیکٹونک پلیٹ کی بالائی سطح پر ہونے والی حرکت کا نتیجہ ہیں اور یہ عالمی سطح پر ہونے والی زمینی سرگرمیوں سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق وینزویلا میں آنے والے حالیہ زلزلے سے پیدا ہونے والی توانائی کی لہریں باہم منسلک ٹیکٹونک پلیٹس کو متاثر کر رہی ہیں، جس کے باعث خطے میں زلزلوں کی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔


امیر حیدر لغاری نے مزید بتایا کہ 2000 سے 2011 کے دوران انڈونیشیا میں آنے والے بڑے زلزلوں کے بعد 2005 کا تباہ کن کشمیر زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا تھا، جو عالمی زمینی حرکات کے باہمی تعلق کی ایک مثال ہے۔


انہوں نے واضح کیا کہ زمین کے اندر موجود توانائی کے مکمل اخراج تک مزید زلزلے آ سکتے ہیں، تاہم موجودہ سائنسی معلومات کے مطابق کسی بھی زلزلے کے وقت، مقام یا شدت کی درست پیش گوئی ممکن نہیں۔


محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔