: مستونگ: دہشتگردوں کا تباہ کردہ پل بحال، این 40 پر ٹریفک رواں
فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مستونگ کے علاقے پنج پائی میں دہشت گردوں کی تخریب کاری سے متاثرہ قومی شاہراہ (این 40) کا رابطہ پل فوری طور پر مرمت کر کے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تخریب کاروں نے پنج پائی کے مقام پر پل کو نقصان پہنچا کر اہم شاہراہ پر آمدورفت معطل کرنے کی کوشش کی تھی۔ ایف سی بلوچستان نے فوری طور پر بھاری مشینری اور افرادی قوت متحرک کر کے ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا کام مکمل کیا اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائی۔
مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پل تباہ ہونے سے شدید سفری و تجارتی مشکلات پیدا ہو رہی تھیں، تاہم ایف سی نے کٹھن حالات میں فوری اقدامات کر کے رابطہ بحال کرایا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایف سی بلوچستان امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے ازالے اور بروقت ریلیف کی فراہمی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے