ڈی آئی خان: چیک پوسٹ پر گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکا، 11 افراد شہید

ڈی آئی خان: چیک پوسٹ پر گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکا، 11 افراد شہید

Sep 26, 2026|ویب ڈیسک

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا کر کیے جانے والے مبینہ خودکش دھماکے میں پولیس اور کسٹمز اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔


ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان-کوئٹہ روڈ پر قائم انسدادِ اسمگلنگ ’امن میلہ پولیس چیک پوسٹ‘ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد سے لدی گاڑی ٹکرا دی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک عمارتیں لرز اٹھیں۔ واقعے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک دو سالہ معصوم بچہ شہید ہو گئے۔ دھماکے میں پولیس و کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر یہ کارروائی دہشت گردوں اور اسمگلرز کے گٹھ جوڑ کا کھلا ثبوت ہے، جس میں خوارج نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی وحشیانہ انداز میں نشانہ بنایا۔ دوسری جانب واقعے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کی دہشت گردی کے معاملے پر مبینہ عدم توجہی اور سرد مہری پر مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ اور بے چینی پھیل گئی ہے۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔