افغانستان میں ہلاک خارجی کی تعزیت، سرحد پار گٹھ جوڑ بے نقاب
افغانستان سے پاکستان میں جاری سرحد پار دہشتگردی کا ایک اور واضح ثبوت سامنے آ گیا ہے، جس سے افغان طالبان حکومت کی جانب سے خطے میں سرگرم شدت پسندوں کی کھلی پشت پناہی کے شواہد مزید پختہ ہو گئے ہیں۔
افغان میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران مارے جانے والے خارجی افغان دہشتگرد 'صفت اللہ' کی یاد میں افغانستان کے اندر باقاعدہ تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث اس دہشتگرد کو 'ہیرو کمانڈر' کا لقب دیا گیا، جبکہ پنڈال میں فتنہ الخوارج کے پرچم والے بینرز اور پوسٹرز بھی نمایاں طور پر آویزاں کیے گئے۔
دفاعی و علاقائی امور کے ماہرین کے مطابق افغان سرزمین پر شدت پسندوں کی اس انداز میں پذیرائی، سرکاری سطح پر تعزیتی تقریبات اور کالعدم تنظیم کے جھنڈوں کی کھلم کھلا نمائش افغان عبوری حکومت اور فتنہ الخوارج کے مابین گہرے گٹھ جوڑ کا بین ثبوت ہے۔ یہ صورتحال اس امر کی بھی تصدیق کرتی ہے کہ ہمسایہ ممالک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو افغان سرپرستی بلا روک ٹوک میسر ہے۔افغانستان میں ہلاک خارجی کی تعزیت، سرحد پار گٹھ جوڑ بے نقاب