چوہدری شجاعت حسین کا بلوچستان کے عوام سے اظہارِ یکجہتی، قومی اتحاد پر زور

چوہدری شجاعت حسین کا بلوچستان کے عوام سے اظہارِ یکجہتی، قومی اتحاد پر زور

Jun 29, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ملک میں پائیدار امن کے لیے قومی اتحاد کو ناگزیر قرار دیا۔


یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، بلوچستان کے مسائل، پارٹی تنظیمی امور اور عوام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


اجلاس میں چمن بارڈر سے وابستہ شہریوں کو درپیش مشکلات، سرحدی آمدورفت اور روزگار کے مسائل بھی زیرِ غور آئے۔


چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور قومی اتحاد کے ذریعے امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔


ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔


انہوں نے واضح کیا کہ "بلوچستان کے عوام کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی یا امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا، پارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔"


اس موقع پر پنجاب کے وزیر چوہدری شافع حسین نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔