بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو: صحبت پور میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 72 منصوبے مکمل
صحبت پور: بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کرتے ہوئے ضلع صحبت پور میں 60 کروڑ 56 لاکھ روپے کی لاگت سے 72 ترقیاتی منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، بی ایس ڈی آئی کے فیز ون اور ٹو کے تحت مکمل ہونے والے ان منصوبوں کا بنیادی مقصد علاقے میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے مقامی سطح پر عوامی فلاح و بہبود اور روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں نمایاں مدد ملی ہے۔
ترقیاتی کاموں کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نارتھ، سول انتظامیہ اور مقامی منتخب نمائندوں نے مشترکہ طور پر ان منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے نہ صرف مقامی آبادی کو جدید اور بنیادی سہولیات میسر آئی ہیں بلکہ ضلع صحبت پور میں ترقی، خوشحالی اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی بنیاد بھی مضبوط ہوئی ہے۔