بلوچستان: انٹیلی جنس آپریشن میں 5 غیر ملکی پراکسی دہشت گرد ہلاک
**راولپنڈی (15 اکتوبر، 2026):** سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع واشک میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فورسز نے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کیا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جائے وقوع سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ علاقے میں موجود دیگر غیر ملکی پراکسی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔