بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے بلوچستان میں اہم اقدامات

بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے بلوچستان میں اہم اقدامات

Jun 24, 2026|ویب ڈیسک

تمام اضلاع میں خاندانی منصوبہ بندی کے سامان کی فراہمی؛ ڈیجیٹل ٹریکنگ ایپ متعارف

کوئٹہ: بلوچستان میں تیز رفتار آبادی کے پھیلاؤ کو روکنے اور خاندانی منصوبہ بندی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے محکمہ بہبودِ آبادی، حکومتِ بلوچستان اور اقوامِ متحدہ کے بہبودِ آبادی فنڈ (UNFPA) نے ایک جامع مشترکہ حکمتِ عملی کا آغاز کر دیا ہے۔ کوئٹہ میں منعقدہ 'فیملی پلاننگ ورکنگ گروپ' کے مشاورتی اجلاس میں طویل مدتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے تاکہ صوبے کے پسماندہ علاقوں تک صحتِ عامہ کی سہولیات پہنچائی جا سکیں۔

: تمام اضلاع کو سپلائی کی فراہمی اور موبائل ایپ کا آغاز

محکمہ بہبودِ آبادی کے حکام کے مطابق، بلوچستان کے تمام اضلاع میں خاندانی منصوبہ بندی کا ضروری سامان کامیابی سے پہنچا دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کو مستقل بنیادوں پر چلانے کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھاری فنڈز بھی مختص کیے گئے ہیں۔


صوبے میں پہلی بار مانیٹرنگ کے نظام کو پیپر لیس کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا گیا ہے:


فیلڈ اسٹاف کو الیکٹرانک کلائنٹ ریکارڈ (ECR) موبائل ایپلی کیشن کے استعمال کی باقاعدہ تربیت دی گئی ہے۔


صوبے بھر کے اضلاع میں اس ڈیجیٹل نظام کو وسیع کرنے کے لیے 9 ماسٹر ٹرینرز تیار کیے جا چکے ہیں۔


علما کرام کا کردار اور کمیونٹی آگاہی مہم

ڈائریکٹر جنرل محکمہ بہبودِ آبادی غلام مصطفیٰ اور ڈپٹی سیکریٹری عبدالباسط کا کہنا تھا کہ آبادی کے غیر معمولی دباؤ سے نمٹنے کے لیے علما کرام، مقامی رہنماؤں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا متحرک ہونا ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں یونین کونسل سطح پر آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی حقوق اور صحت کے اصولوں سے روشناس کرایا جا سکے۔


عالمی تعاون کی یقین دہانی: یو این ایف پی اے کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سعدیہ عطا نے واضح کیا کہ ان کا ادارہ بلوچستان کے محکمہ بہبودِ آبادی اور محکمہ صحت کو تکنیکی و مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے مکمل پرعزم ہے تاکہ خاندانی منصوبہ بندی اور ماں بچے کی صحت کی سہولیات صوبے کے آخری کونے تک پہنچائی جا سکیں