وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ دہشت گرد کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے رینجرز اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے فخر کا باعث رہیں گی۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ریاست پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے گی اور دہشت گردی کے ہر منصوبے کو قومی اتحاد، مضبوط حکمت عملی اور غیر متزلزل عزم سے ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے، ریاستی پالیسی اور سیکیورٹی فورسز کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امن، استحکام اور قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔