جعفرآباد میں 76 کروڑ سے زائد کے 45 ترقیاتی منصوبے مکمل
**جعفرآباد:** بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت صوبے بھر میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ضلع جعفرآباد میں فیز ون اور ٹو کے مجموعی طور پر 45 ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچا دیے گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ منصوبے 76 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم سے مکمل کیے گئے ہیں۔ ان فلاحی و ترقیاتی اسکیموں میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں کے نیٹ ورک کی بہتری اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق اہم منصوبے شامل ہیں۔
منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ایف سی بلوچستان، سول انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندوں پر مشتمل ایک خصوصی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی۔
دوسری جانب ضلع جعفرآباد کے شہریوں نے ان منصوبوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کی پائیدار ترقی اور بنیادی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک خوش آئند اور اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔