کراچی( شوبزڈیسک)پاکستان کی معروف اداکارہ سارہ خان نے معاشرتی اقدار اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مضبوط اور متوازن معاشرہ عزت، احترام، وقار اور ذمہ داری جیسے اصولوں پر استوار ہوتا ہے۔حالیہ دنوں میں سارہ خان اور ان کے شوہر، گلوکار فلک شبیر، خواتین کے حقوق اور سماجی تبدیلیوں سے متعلق اپنے مؤقف کے باعث سماجی رابطوں کی ویب گاہوں پر توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ایک بیان میں سارہ خان نے کہا کہ جب ایسے رویوں کو عام اور قابلِ تحسین بنا دیا جائے جو معاشرتی اقدار کو کمزور کرتے ہوں تو اس کے اثرات صرف چند افراد تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورا معاشرہ اس سے متاثر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اصل سوال یہ نہیں کہ معاملہ مرد یا عورت کا ہے، بلکہ یہ ہے کہ جس سوچ کو فروغ دیا جا رہا ہے، آیا وہ ہماری تہذیب، خاندانی نظام اور آنے والی نسلوں کے لیے مثبت نتائج پیدا کرتی ہے یا نہیں۔خواتین کے حقوق کے بارے میں اپنے نقطۂ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے سارہ خان نے کہا کہ ان کے نزدیک حقیقی نسوانی حقوق کا مطلب خواتین کو عزت، تعلیم، شعور، خوداعتمادی اور زندگی میں مقصد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ترقی کے ساتھ اپنی سماجی اور ثقافتی روایات سے وابستگی برقرار رکھنا بھی بے حد اہم ہے۔