گوادر حملہ اور پروپیگنڈا شرمناک، دہشت گرد ترقی کے دشمن ہیں: ربابہ بلیدی

گوادر حملہ اور پروپیگنڈا شرمناک، دہشت گرد ترقی کے دشمن ہیں: ربابہ بلیدی

Oct 24, 2026|ویب ڈیسک



مشیرِ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان برائے وومن ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے گوادر میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے اور اس کے بعد سوشل میڈیا پر جاری گمراہ کن پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی شرمناک قرار دیا ہے۔


ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اپنے دوٹوک بیان میں کہا کہ ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی اداروں اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانا دراصل بلوچستان کی خوشحالی اور عوام کے روشن مستقبل پر حملہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا یا اپنے مذموم مقاصد کے لیے ان کا استحصال کرنا بلوچ روایات اور اقدار کے سراسر منافی ہے۔


انہوں نے زور دے کر کہا کہ بلوچ معاشرے میں خواتین کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اس لیے دہشت گردی کے لیے ان کا کسی بھی قسم کا استحصال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔


مشیرِ وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ بزدلانہ کارروائیاں عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، اور بلوچستان کے غیور عوام صوبے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔