بلوچستان سے ملک کے دیگر حصوں کے لیے ٹرین سروس دو روز معطل رہنے کے بعد آج (بدھ) سے بحال کر دی گئی۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق ناگزیر وجوہات کے باعث 18 اور 19 مئی کو بلوچستان سے ٹرین آپریشن معطل رکھا گیا تھا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس دو روز تک منسوخ رہی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو معطلی کے دوران صرف جیکب آباد تک چلایا گیا۔
حکام کے مطابق بدھ کے روز ٹرین سروس بحال ہونے کے بعد جعفر ایکسپریس آج صبح 9 بجے اپنے مقررہ وقت پر کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔
پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس کے بھی بدھ کی سہ پہر کوئٹہ پہنچنے کی توقع ہے۔