اسلام آباد میں تیسرا بین الاقوامی سیرت فیسٹیول کل شروع ہوگا

اسلام آباد میں تیسرا بین الاقوامی سیرت فیسٹیول کل شروع ہوگا

Oct 12, 2026|ویب ڈیسک



اسلام آباد: قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیر اہتمام تھنک ٹینک 'گلوبل پالیسی انسائیٹ سنٹر' اور 'ترک کاپی' کے اشتراک سے تیسرا سالانہ بین الاقوامی سیرت فیسٹیول کل (12 اکتوبر) سے وفاقی دارالحکومت میں شروع ہو رہا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن، ایف الیون ون میں 14 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس تین روزہ فیسٹیول میں بین الاقوامی کانفرنس، کتاب میلہ، خطاطی کی نمائش، کتب کی تقریبِ رونمائی، تقریری مقابلے، محفلِ نعت و مشاعرہ اور سیرت یوتھ کنونشن سمیت متعدد علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔


فیسٹیول کے پہلے روز، 12 اکتوبر کو افتتاحی تقریب صبح 11 بج کر 45 منٹ پر مرکزی آڈیٹوریم میں ہوگی، جس کے مہمانِ خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ہوں گے۔ بعد ازاں دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر کتاب میلے اور ایک بجے خطاطی کی نمائش کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔ سہ پہر 3 بجے ملٹی پرپز ہال میں کتب کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوگی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔


دوسرے روز، 13 اکتوبر کو صبح 10 بجے بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح ہوگا، جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال ہوں گے۔ کانفرنس میں سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر علمی و تحقیقی نشستیں منعقد ہوں گی، جن میں سے پہلی تین نشستیں صبح ساڑھے 11 بجے کانفرنس ہالز 1، 2 اور 3 میں ہوں گی جبکہ اسی وقت ملٹی پرپز ہال میں طلبہ کے مابین تقریری مقابلہ ہوگا۔ دوپہر 2 بجے کانفرنس کی چوتھی، پانچویں اور چھٹی نشستیں، جبکہ سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر ساتویں، آٹھویں اور نویں نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ دوسرے روز کی سرگرمیوں کا اختتام شام سوا 6 بجے محفلِ نعت و مشاعرہ پر ہوگا۔


تیسرے اور آخری روز، 14 اکتوبر کو صبح 10 بجے کانفرنس ہال 1 میں بین الاقوامی کانفرنس کی دسویں نشست ہوگی۔ صبح 11 بجے مرکزی آڈیٹوریم میں سیرت یوتھ کنونشن منعقد ہوگا، جس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان ہوں گے۔ فیسٹیول کی اختتامی تقریب دوپہر ساڑھے 12 بجے مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔


منتظمین کے مطابق اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد سیرت النبی ﷺ کی آفاقی تعلیمات کو اجاگر کرنا، نوجوان نسل کو اسوۂ حسنہ سے روشناس کرانا اور علمی و فکری مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ تین روزہ ایونٹ کے ذریعے اہل علم، محققین، ادیبوں، طلبہ اور سماج کے مختلف طبقات کو اسلامی فنون اور سیرت طیبہ کے پیغام سے جوڑنے کا مؤثر پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔ تمام تر سرگرمیاں انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن، اسلام آباد میں منعقد ہوں گی۔